فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور معصوم شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کل اتوار کے روز قابض فوج کی جنگی جہازوں کے ذریعے کی گئی بمباری میں مزید ایک شہری شہید اور کم سے کم 20 زخمی ہوگئے۔ وسط جولائی سے اب تک جاری وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 2120 ہوچکی ہے۔
غزہ کی پٹی میں ایک فیلڈ آبزرویٹر نے خبر رساں ایجنسی "قدس پریس" کو بتایا کہ اتوار کو اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں الشجاعیہ، مشرقی غزہ میں التفاح اور مغرب میں النصر کالونی پر جیٹ طیاروں کے ذریعے مختلف اہداف پر بمباری کی۔ بمباری کے نتیجے
میں ایک 28 سالہ نوجوان شہید اور کم سے کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو غزہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اتوار اور پیر کی درمیابی شب بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔
خیال رہے کہ سات جولائی سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 2120 معصوم شہری شہید، 11 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں جبکہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
أعلى الصفحة